نئےگج ڈیم کیس، چیف جسٹس کا اسد عمر کو ایکنک اجلاس کے فوری بعد فیصلے سے آگاہ کرنے کا حکم
اسلام آباد : نئےگج ڈیم کی تعمیر کیس میں چیف جسٹس نے ایکنک اجلاس کےفوری بعد فیصلے سے آگاہ کرنےکاحکم دیتے ہوئے وزیر خزانہ اسد عمر سے مکالمے میں کہا مجھے نہیں لگتا حکومت ڈیم بنانے پر سنجیدہ ہے، جس تیزی سے مسئلہ حل کرنےکی کوشش کررہے ہیں ہو نہیں رہا، اس ملک کےلیےآپ لوگوں کی محبت کم ہوگئی ہے،اس حکومت کو ڈکٹیٹ نہیں کرناچاہتے۔ تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں نئےگج ڈیم کی تعمیر کیس کی سماعت ہوئی ، چیف جسٹس نے وزیر خزانہ اور وزیر توانائی کی عدم حاضری پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کدھر ہیں وزیر خزانہ ؟ ڈپٹی اٹارنی جنرل نے بتایا کہ جی وہ ای سی سی کی میٹنگ میں ہیں۔ چیف جسٹس نے استفسار کیا کیا وہ میٹنگ چھوڑ کر نہیں آسکتے؟ کیاکسی کو یہاں سے بھیجیں کہ جاکر انہیں یہاں لائے ؟ انھیں عدالت کے حکم کی تعمیل کرنی چاہیے تھی۔ ڈپٹی اٹارنی جنرل وزیر توانائی کو فوڈ پوائزننگ ہے ، جس پر چیف جسٹس نے وزیرخزانہ کو طلب کرتے ہوئے کہا بتادیں جب وزیر خزانہ آجائیں تو ہم دوبارہ بیٹھ جائیں گے