مسافر طیارے نے ایندھن اسکول کے بچوں پر پھینک دیا
مسافر طیارے نے ایندھن اسکول کے بچوں پر پھینک دیا.جرمن میڈیا کے مطابق کیلیفورنیا سے موصول ہونے والی رپورٹوں کے مطابق ڈیلٹا ایئرلائن کی فلائٹ 89 مسافروں کو لاس اینجلس انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے لے کر شنگھائی کی جانب روانہ ہوئی لیکن اڑان بھرنے کے تھوڑی دیر بعد ہی اس کے انجن میں مسائل پیدا ہونے کے اشارے موصول ہوئے۔ اس کے بعد ہوائی جہاز کے پائلٹ نے اضافی ایندھن پھینکنا شروع کر دیا، جو ایئرپورٹ سے تقریبا تیرہ کلومیٹر مشرق میں واقع ایک اسکول کے بچوں پر گرا۔ڈیلٹا ایئرلائن کے ایک ترجمان کا فرانسیسی خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا، ''پرواز کے کچھ ہی دیر بعد جہاز کے انجن میں مسائل پیدا ہوئے، جس کے فورا بعد ہی پائلٹ کو جلد از جلد ایئرپورٹ پر واپس پہنچنے کے لیے کہا گیا۔ ایندھن گرانے کے بعد جہاز کی لینڈنگ بحفاظت ہوئی۔ سیف لینڈنگ کے لیے وزن کم کرنا معمول کا طریقہ کار کا حصہ ہے۔دوسری جانب جن بچوں پر جہاز کا ایندھن گرا ہے ان میں سے چھپن بچوں کو سانس اور جلد کے ہلکے مسائل کا سامنا کرنا پڑا۔ جاری ہونے والے بیان کے مطابق یہ تمام زخم چھوٹی نوعیت کے تھے۔ دوسری جانب امریکا کی فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن(ایف ایف اے)نے واقعے کی تحقیقات کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔ایف ایف اے کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے، ''ایئرپورٹ سے باہر ایندھن خارج کرنے کا ایک مخصوص طریقہ کار ہے۔ اس مخصوص طریقہ کار کے تحت ایندھن اس علاقے میں گرایا جاتا ہے، جہاں آبادی نہ ہو اور اس میں جہاز کی بلندی کا بھی خیال رکھا جاتا ہے تاکہ ایندھن زمین پر پہنچنے سے پہلے ہی ہوا میں ضائع ہو جائے.