بلدیاتی انتخابات میں بدنظمی، مختلف مقامات پرسیاسی جماعتوں کے کیمپس نذرآتش

کراچی : سندھ بلدیاتی انتخابات کے دوران کراچی اور مختلف شہروں میں بدنظمی اور ہنگامہ آرائی کے واقعات رپورٹ ہوئے ہیں ۔کراچی میں بلدیاتی انتخابات کیلئے پولنگ کا عمل جاری ہے اس دوران کراچی کے مختلف علاقوں سعودآباد ، اردو نگر، ملیر سٹی، علیم آباد اور کورنگی میں اب تک 7 سیاسی جماعتوں کے کیمپس کو نامعلوم افراد کی جانب سے نذرآتش کیا گیا ہے ۔کراچی کے ضلع وسطی نارتھ ناظم آباد ٹاؤن یوسی 3 میں نقاب پوش افراد پولنگ اسٹیشن میں گھس گئے ،اس حوالے سے پی ٹی آئی کی جانب سے دعوی کیا گیا کہ نامعلوم افراد نے پولنگ عملے اور آر او کو ہراساں کیا اور ٹیکنیکل سامان میں چھیڑ چھاڑ کی کوشش کی ، نامعلوم افراد پیپلز پارٹی کی جھنڈا لگی ہوئی گاڑیوں پر سوار تھے۔اطلاع ملتے ہی پولیس اوررینجرز کی بھاری نفری نے موقع پر پہنچ کر صورتحال کو کنٹرول کیا ، تاہم کسی ملزم کی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ۔