اسبملی تحلیل کرنے کیلئے سمری منگل کو بھیج دی جائے گی، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان

خیبرپختونخوا (کے پی) کے وزیراعلیٰ محمود خان نے کہا کہ صوبائی اسمبلی تحلیل کرنے کے لیے منگل کو سمری گورنر کو بھیج دی جائے گی۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں محمود خان نے کہا کہ ’قائد عمران خان کے حکم کے مطابق خیبر پختونخوا اسمبلی کی تحلیل کے لیے سمری بروز منگل گورنر کو ارسال کردی جائے گی‘۔انہوں نے کہا کہ ’ان شااللہ تحریک انصاف دوتہائی اکثریت سے دوبارہ حکومت میں آئے گی‘۔
اس سے قبل چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے اعلان کے مطابق پنجاب اسمبلی تحلیل کردی گئی تھی اور عمران خان نے کہا تھا کہ اس کے بعد خیبرپختونخوا کی اسمبلی تحلیل کردی جائے گی۔اسی طرح وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے ہفتے کو پشاور میں ایک تقریب سے خطاب کے دوران کہا تھا کہ عمران خان کا اشارہ ملتے ہیں اسمبلی تحلیل کردی جائے گی۔