حکومت کی مداخلت، نتائج فراہم نہیں کیے جارہے ہیں،حافظ نعیم نے پولنگ اسٹیشنز کے گھیراؤ کا اعلان کردیا

جماعت اسلامی کراچی کے امیر اور شہر کے میئر کے امیدوار حافظ نعیم نے حکومت سندھ پر بلدیاتی انتخابات کے نتائج میں مداخلت کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ نتائج مکمل ہونے کے باوجود قانون کے مطابق فارم 11 اور فارم 12 فراہم نہیں کیے جارہے ہیں۔کرچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم نے کہا کہ آج نئے دور کا آغاز ہوگیا ہے، اس وقت الیکشن کے نتائج مکمل ہیں، یونین کمیٹیوں میں قائم پولنگ اسٹیشنز میں پولنگ ایجنٹ اور عملہ بھی موجود ہے۔ان کا کہنا تھا کہ قانون کے مطابق پریزائیڈنگ افسر فارم 11 اور فارم 12 دستخط اور انگوٹھا لگا کر اور اپنا شناختی کارڈ نمبر لکھ کر دینے کے پابند ہیں۔حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ حکومت سندھ چند ڈی سیز مداخلت کر رہے ہیں جو ڈی آر او ہیں، حکومت مداخلت کر رہی ہے، الیکشن کمیشن نے ہمیں یقین دلایا ہے اور ہمارے کہنے پر ایک حکم نامہ جاری بھی کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پونے 10 بج چکے ہیں لیکن ہمیں فارم 11 اور فارم 12 پوری قانونی صورت میں فراہم نہیں کیا جا رہا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن اور حکومت سندھ کو خبردار کرتا ہوں کہ اگلے ایک گھنٹے میں فارم 11 اور فارم 12 دستخط کرکے، انگوٹھا لگا کر اور شناختی کارڈ نمبر لکھ کر ایک کاپی سیل کرکے ہمیں فراہم نہیں کیے اور آر اوز نے نتیجے کا اعلان نہیں کیا تو ہم ایک گھنٹے میں یا تو شہر بھر میں دھرنے شروع کردیں گے یا پھر الیکشن کمیشن کے دفتر میں بیٹھ جائیں گے۔