لاہوربارایسوسی ایشن کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے، عثمان بزدار
صوبائی دارالحکومت لاہور میں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے لاہور بار ایسوسی ایشن کے صدر عاصم چیمہ نے ملاقات کی۔ صوبائی وزیر قانون محمد بشارت راجہ، سیکرٹری خزانہ، کمشنر لاہور ڈویژن، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ پنجاب ، سی سی پی او لاہور اور اعلیٰ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے ملاقات کے دوران کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت ہر طبقے کی زندگی میں آسانیاں پیدا کررہی ہے- انہوں نے کہا کہ وکلا برادری کی ملک میں جمہوریت کے استحکام اور آئین کی بالادستی کے لیے گراں قدرخدمات ہیں- سردار عثمان بزدار نے کہا کہ عام آدمی کو انصاف کی فراہمی میں وکلا برادری کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے، ان کی خدمات کو فراموش نہیں کیا جاسکتا- انہوں نے کہا کہ میں خود وکیل رہا ہوں اور وکلا برادری کے مسائل جانتا ہوں، تحریک انصاف کی حکومت وکلا برادری کے مسائل کے حل کے لیے اقدامات کررہی ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ قانون اورانصاف کی عملداری یقینی بنانے کے لیے وکلا برادری کا کردار کلیدی حیثیت رکھتا ہے، معاشی و سماجی انصاف کسی بھی معاشرے کی ترقی کے لیے ضروری ہے۔ سردار عثمان بزدار نے کہا کہ لاہور بار ایسوسی ایشن کے مسائل کے حل کے لیے وسائل بھی دیں گے اور اقدامات بھی کریں گے، لاہور بار ایسوسی ایشن کی ڈسپنسری کو اپ گریڈ کیا جائے گا- وزیراعلیٰ پنجاب نے کمشنرلاہور ڈویژن کوہدایت کی کہ وہ ڈسپنسری کا دورہ کر کے اپ گریڈیشن کے لیے ضروری اقدامات کریں-