کراچی:نامعلوم افراد کی فائرنگ ،پولیس اہلکار زخمی
کراچی کے علاقے لانڈھی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے پولیس اہلکار زخمی ہوگیا۔کراچی کے علاقے لانڈھی بابر مارکیٹ کے قریب نامعلوم حملہ آوروں نے پولیس اہلکار پر فائرنگ کی، واقعہ میں زخمی ہونے والے اہلکار کو فوری طور پر ہسپتا ل منتقل کردیا گیا۔آئی جی سندھ مشتاق احمد مہر نے بابر مارکیٹ میں فائرنگ سے پولیس اہلکار کے زخمی ہونے کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی کورنگی سے تمام تر ضروری پولیس کارروائی اور اقدامات پر مشتمل رپورٹ فی الفور طلب کرلی۔انہوں نے کہا کہ زخمی اہلکار کے اہلخانہ سے مستقل رابطہ رکھا جائے اور اس زخمی کے علاج معالجے میں کوئی کسر نہ چھوڑی جائے۔انہوں نے کہا کہ پولیس اہلکار پر فائرنگ میں ملوث ملزمان کی جلد سے جلد گرفتاری کیلئے دیگر سکیورٹی اداروں سے بھی رابطہ کرکے ہر ممکن اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔ہفتے کے روز کورنگی میں بھی ایک پولیس اہلکار کو فائرنگ کرکے زخمی کردیا گیا تھا جو دو روز بعد ہسپتا ل میں انتقال کر گیا تھا۔