نوے کی دہائی میں غلط فیصلوں سے نقصان ہوا، معیشت کمزور ہوتی رہی: وزیراعظم
وزیراعظم نے کہا ہے کہ نوے کی دہائی میں غلط فیصلوں سے بہت نقصان ہوا، کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ بڑھا، ڈالر کی قیمت اوپر گئی، معیشت کمزور ہوئی، ماضی میں ووٹ کو مدنظر رکھ کر منصوبے بنائے گئے۔ وزیراعظم عمران خان نے چلاس میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا ماضی میں درآمدی تیل پر بجلی بنانے کے فیصلوں سے نقصان ہوا، مہنگی بجلی کی وجہ سے صنعتوں پر اثر پڑا، جب رقوم باہر جاتی ہیں تو کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ بڑھتا ہے، 20 ارب ڈالر کا خسارہ ہمیں ورثے میں ملا، ہماری کرنسی پر روپے کی قدر میں کمی کی وجہ سے دباؤ آیا۔ عمران خان کا کہنا تھا اب ملک کا تیسرا بڑا ڈیم بننے جا رہا ہے، دیامر بھاشا ڈیم سے ترقی کی نئی منازل طے ہوں گی، ڈیم کیلئے اس سے بہتر جگہ ہو ہی نہیں سکتی، اس کے بعد ہم دریاؤں پر ڈیمز بنانے جا رہے ہیں، بجلی اور فرنس آئل سے بجلی پیدا کریں تو گلوبل وارمنگ میں اضافہ ہوتا ہے۔