مفرور صدر کا استعفیٰ منظور، سری لنکا بھر میں جشن
کولمبو: سری لنکن پارلیمنٹ کے اسپیکر نے ملک سے فرار ہونے والے صدر گوٹابایا راجا پاکسے کا استعفیٰ منظور کرلیا ہے، صدر کے استعفیٰ منظور ہوتے ہی کولمبو کی سڑکوں پر جشن شروع ہوگیا۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق اسپیکرپارلیمنٹ نے صدر کا استعفیٰ منظورکرلیا ہے، ملک سے فرار ہوکر مالدیپ اور پھر سنگاپور پہنچنے والے سری لنکا کے سابق صدر گوٹابایا راجا پاکسے نے بیرون ملک سے اپنا استعفیٰ بھجوایا تھا۔ اسپیکر کی جانب سے گوٹابایا راجا پاکسے کا استعفیٰ منظور کئے جانے کے بعد لاکھوں کی تعداد میں عوام دارالحکومت کی سڑکوں پر نکل آئے اور بھرپور جشن منایا، مظاہرین کی بڑی تعداد سری لنکن پرچم تھامے ہوئی تھی۔