عمران خان کی ترک صدر اورعوام کو یوم جمہوریت کی مبارکباد
لاہور: چیئرمین پی ٹی آئی نے ترکیہ کے صدر اور عوام کو یوم جمہوریت کی مبارکبادی دی ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا کہ یومِ جمہوریت اور قومی اتحاد کے موقع پر میں صدر اردوگان اور ترکیہ کے عوام کو دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ یاد رہے کہ چھ سال قبل آج کے روز ہی ترک فوج کے باغی دستوں نے صدر رجب طیب اردگان کی حکومت کا تختہ پلٹ کر اقتدار پر قبضہ کرنے کی کوشش کی تھی تاہم ترک عوام نے فوجی بغاوت کو ناکام بنادیا تھا۔ باغی فوجیوں نے دعویٰ کیا تھا کہ ہماری کارروائی کا مقصد ملک میں آئینی و جمہوری انسانی حقوق کی بحالی ہے اور جمہوری قدروں کو استحکام بخشنے کے لیے ہم اقتدار حاصل کرنا چاہتے ہیں،ناکام فوجی بغاوت میں اعلیٰ فوجی افسران شامل تھے جنہوں نے ترک فوج کے سربراہ جنرل خلوصی آکار سمیت متعدد اعلیٰ فوجی افسران کو یرغمال بنالیا تھا تاہم رجب طیب کے حامی فوجیوں اور عوام نے ملکر بغاوت ناکام بنادی تھی ۔