کسی سیاسی جماعت پر پابندی لگانے یا رہنما پر غداری کا مقدمہ چلانے کی باتیں فضول ہیں۔ فرحت اللہ بابر

پاکستان پیپلز پارٹی کے سابق سینیٹر فرحت اللہ بابر نے کہا ہے کہ کسی سیاسی جماعت پر پابندی لگانے یا کسی سیاسی رہنما پر غداری کا مقدمہ چلانے کی باتیں فضول، ناقابلِ برداشت اور سیاسی بحران میں اضافے کا باعث ہیں۔فرحت اللہ بابر نے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ کی پریس کانفرنس پر ردعمل میں اپنی ایکس پوسٹ میں کہا کہ امریکی جمہوریت اپنے موجودہ بحران کو برقرار رکھے گی۔ تاہم خبردار رہیں کہ پاکستانی جمہوریت، درحقیقت خود ریاست، خود ساختہ بحران کو برداشت کرنے کی سکت نہیں رکھتیں۔وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے مخصوص نشستوں سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے پر نظرثانی کی درخواست دائر کرنے، پاکستان تحریک انصاف پر پابندی اور عمران خان پر آرٹیکل 6 کے تحت ریفرنس دائر کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس ملک کو آگے جانا ہے تو تحریک انصاف اور پاکستان ایک ساتھ نہیں چل سکتے۔