وزیراعظم نواز شریف آج جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہوں گے
بڑے کیس میں آج سب سے بڑی پیشی ہو گی۔ وزیراعظم نوازشریف آج پاناما کیس کی تحقیقات کرنے والی جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہوں گے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم سے شریف خاندان کے کاروبار۔ لندن فلیٹس اور منی ٹریل کے حوالے سے سوالات ہوں گے۔ وزیراعظم کی وفاقی جوڈیشل اکیڈمی آمد کے پیش نظر سکیورٹی انتظامات کو حتمی شکل دیدی گئی ہے۔ تمام انتظامات سکیورٹی اور آپریشنز ڈویژن پولیس کے حوالے ہوں گے۔ پولیس، ٹریفک پولیس، سپیشل برانچ، ایف سی اور رینجرز کے پچیس سو اہلکار مختلف روٹس پر تعینات ہونگے۔ جوڈیشل اکیڈمی کے اردگرد عمارتوں پربھی سکیورٹی اہلکار تعینات ہونگے۔ وزیراعظم کی آمد کے دوران ٹریفک کو متبادل راستوں سے گزارا جائے گا۔ دوسری جانب وفاقی ترقیاتی ادارے نے جوڈیشل اکیڈمی کے اطراف کی سڑکوں کی حالت بہتر بنانے پر خصوصی توجہ دی ہے۔ اس سلسلے میں علاقے کی صفائی ستھرائی کی گئی ہے۔ وزیراعظم نے کارکنوں کو جوڈیشل اکیڈمی آنے سے منع کیا ہے لیکن توقع کی جا رہی ہے کہ لیگی رہنماؤں اور کارکنوں کی بڑی تعداد جوڈیشل اکیڈمی کے باہر موجود ہو گی۔ جبکہ دو دن پہلے سے ہی جوڈیشل اکیڈمی کے اطراف وزیراعظم کی حمایت میں بینرز بھی لگائے گئے ہیں۔ واضح رہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف بھی ہفتے کو جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہوں گے۔۔ جبکہ اس سے پہلے حسین نواز پانچ بار اور حسن نواز دو بار جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہو چکے ہیں۔