وزیرا عظم نواز شریف نے جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہو کر نئی تاریخ رقم کی:وزیراعلی پنجاب شہباز شریف
وزیراعلی پنجاب شہباز شریف کا جاری بیان میں کہنا تھا کہ قانون اور آئین کی بالادستی اور اداروں کے استحکام کے حوالے سے وزیراعظم نواز شریف نے تاریخ ساز کردار ادا کیا۔ عوام کے منتخب وزیراعظم نےخاندان سمیت خود کو احتساب کیلئے پیش کیا۔نواز شریف کادامن ہرقسم کی کرپشن سے پاک ہے،بدترین مخالفین بھی ان پر کرپشن کا الزام نہیں لگا سکتے، حکومت کی شفافیت کی پالیسی کو عالمی اداروں نے بھی سراہا۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے پاناما کیس کی تحقیقات کیلئے عدالتی کمیشن کے قیام کی تجویز دی تھی، نواز شریف عوامی خدمت کے جذبے سے سرشار اور قوم کا درد رکھنے والے لیڈر ہیں جنہوں نے ملک کو مسائل سے نکالا۔ ان کا ہر قدم عوام کی ترقی اور خوشحالی کیلئے اٹھ رہا ہے، وزیر اعلی پنجاب کا کہنا تھا کہ ملک میں اربوں ڈالر کی غیر ملکی سرمایہ کاری آئی، پاکستان کو بحرانوں سے نکال کر ترقی کی راہ پر گامزن کرنا وزیراعظم کا جرات مندانہ اور تاریخی کارنامہ ہے۔