سیکڑوں پاکستانیوں کا قاتل اور بدنام زمانہ دہشت گرد ملا فضل اللہ اپنے انجام کو پہنچ گیا, ڈرون حملے میں ہلاک
کالعدم تحریک طالبان پاکستان کا سربراہ ملا فضل اللہ ڈرون حملے میں ہلاک ہوگیا۔ ذرائع کے مطابق ملا فضل اللہ تیرہ جون کو کنّڑ میں ہونے والے امریکی ڈرون حملے میں مارا گیا۔ ملافضل اللہ کی ہلاکت آرمی چیف کے حالیہ دورہ افغانستان اور ملٹری ڈپلومیسی کا نتیجہ ہے۔ پاکستان نے امریکی حکام سے مطالبہ کیا تھا کہ ملافضل اللہ کے افغانستان میں موجود ٹھکانوں کو نشانہ بنایاجائے۔ ملافضل اللہ آرمی پبلک سکول پر حملے کا ماسٹر مائنڈ تھا۔ ملالہ یوسفزئی پر حملے کے پیچھے بھی اسی کا ہاتھ تھا۔ دوسری طرف ترجمان افغان وزارت دفاع نے بھی ملا فضل اللہ کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔ طالبان کمانڈر عبدالرشید نے بھی ملافضل اللہ کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک گھر پر ڈرون حملہ کیا گیا جہاں ملا فضل اللہ اپنے چار ساتھیوں سمیت مارا گیا۔ ملا فضل اللہ کا شمار عالمی دہشت گردوں کی فہرست میں ہوتا تھا۔ اس کے متعلق معلومات دینے کی صورت میں پچاس لاکھ ڈالر انعام کا اعلان کیاگیاتھا۔