خواجہ آصف کی مبینہ کرپشن کا کیس وزیراعظم انکوائری کمیشن بھیجنےکا فیصلہ
مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال کے بعد خواجہ آصف بھی مشکل میں آگئے، خواجہ آصف کی مبینہ کرپشن اور منی لانڈرنگ کا کیس وزیراعظم انکوائری کمیشن میں پیش کرنے فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ وزیراعظم کےمعاون خصوصی عثمان ڈارکی قانونی ماہرین سے مشاورت شروع کر دی۔ ذرائع کا کہنا ہے وزیراعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈار کو پارٹی قیادت کی جانب سے گرین سگنل مل گیا ہے جس کا اعلان کچھ دیر بعد پریس کانفرنس میں کیا جائے گا۔ خواجہ آصف کی مبینہ کرپشن اور منی لانڈرنگ کی تفصیلات انکوائری کمیشن میں پیش کی جائیں گی اور غیر ملکی کمپنیوں سے رابطے اور کروڑوں روپے کی مشکوک بینک ٹرانزیکشنز کی چھان بین ہو گی۔ تفتیش کی جائے گی کہ بیوی اور بچوں کے غیر ملکی اکاونٹس میں رقم کی منتقلی کن ذرائع سے کی گئی؟ وزارتوں میں ملنے والے اربوں روپے کا فنڈ کہاں خرچ کیا گیا؟ اور بطور وفاقی وزیر قومی خزانے کے استعمال کی تحقیقات بھی کی جائیں گی۔