جاپان کو ایرانی تیل کی درآمد بحال کرنی چاہئے. محمد ماراندی
ایرانی حکومت سے قریبی روابط رکھنے والے خارجہ امور کے ایک ماہر پروفیسر محمد ماراندی نے کہا ہے کہ جاپان کی جانب سے ایرانی تیل کی درآمد بحال کیے بغیر جاپانی حکومت کے لئے امریکا اور ایران کے درمیان ثالث کا کردار ادا کرنا مشکل ہو گا۔ایرانی ذرائع ابلاغ کے مطابق جاپانی وزیراعظم شنزو ابے کے دورہ ایران کے دوران ایرانی رہنمائوں سے ملاقات کے بعد یونیورسٹی آف تہران کے پروفیسر محمد ماراندی نے کہا کہ اگر جاپان نے ایرانی تیل کی خریداری بحال نہ کی تو ایران کو یوں محسوس ہو گا جیسے جاپان امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کر رہا ہے۔امریکا کی جانب سے جاپان اور دیگر ممالک کو پابندیوں کے بغیر ایرانی تیل درآمد کرنے کا دیا گیا استثنیٰ واپس لئے جانے کے بعد جاپان نے ایرانی تیل کی درآمد روک دی تھی۔انہوں نے کہا کہ اگر جاپان ایک مضبوط کردار ادا کرنا چاہتا ہے تو اس کو ایرانی تیل کی خریداری دوبارہ شروع کرنی ہو گی اور اقتصادی تعلقات بحال کرنے ہوں گے۔