پاک فضائیہ کے جے ایف 17تھنڈر کی پیرس میں فضائی شو کیلئے مشق شروع
پاک فضائیہ کے جے ایف 17 تھنڈر طیارے نے پیرس میں اس ماہ کی سترہ سے تئیس تاریخ کے دورانLe Bourget ہوائی اڈے پر ہونے والے فضائی شو کی مشق شروع کردی ہے۔پاک فضائیہ کے فضائی اور زمینی عملے کے افراد اور تین JF 17 طیارے شو میں حصہ لینے کیلئے فرانس کے دارالحکومت پیرس میں موجود ہیں۔پاک فضائیہ کی ٹیم نے مختلف فضائی مظاہروں کی مشق کی اور وہ دنیا کے سب سے بڑے فضائی شو میں حصہ لینے کیلئے پوری طرح تیار ہے۔پاک فضائیہ کا ایک JF 17 طیارہ شو کے ہر روز فضائی مظاہرہ کرے گا جبکہ مہلک ہتھیاروں سے لیس اور دیگر خصوصیات کے حامل طیاروں کی زمینی نمائش کی جائے گی۔فضائی شو کے پہلے چار دن تجارتی شائقین کے لئے مخصوص ہوں گے جبکہ اگلے تین دن عام لوگ اس شو سے محظوظ ہو سکیں گے۔JF 17 فضائی مظاہرے کو شو کی سب سے بڑی دلچسپی تصور کیا جاتا ہے جس میں فضائیہ کو اپنی جدید ترین صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے کا بہترین موقع فراہم ہوگا ۔ مظاہرے میں ممکنہ صارفین کو اس کی شاندار استعداد کار کا اندازہ لگانے کا موقع ملے گا اور عالمی منڈی میں اسے فروغ دینے میں مدد ملے گی۔پیرس ایئر شو دنیا کا سب سے بڑا فضائی شو ہے جو فرانس کی ایئر و سپیس کی صنعتوں کی ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام منعقد کیا جاتا ہے۔