پیٹرول اورڈیزل کی قیمتوں میں کمی کا مقصدعوام کوہرممکن ریلیف فراہم کرنا ہے،وزیراعظم
وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کا مقصد عوام کو ہر ممکن ریلیف فراہم کرنا ہے۔ پیر کے روز اسلام آباد میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی کے حوالے سے حکومت کی جانب سے کئے گئے اقدامات سے متعلق جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو حکومت کے فیصلوں کے ثمرات عام آدمی تک منتقل کرنے کیلئے مشترکہ حکمت عملی وضع کرنے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں اشیائے ضروریہ کی ذخیرہ اندوزی کے خلاف انتظامی اقدامات میں مزید تیزی لانے کا فیصلہ کیا گیا۔