صوبائی بجٹ : پنجاب اسمبلی کے 2 الگ الگ اجلاس طلب

تفصیلات کے مطابق گورنر پنجاب بلیغ الرحمٰن نے پنجاب حکومت کا بجٹ اجلاس آج دوپہر 2 بجے ایوانِ اقبال میں طلب کر رکھا ہے ۔ جبکہ اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہٰی کی زیر صدارت اجلاس دوپہر 1 بجے ہوگا ۔ خیال رہے کہ گورنر پنجاب نے منگل کی رات بجٹ کے لیے بلایا گیا پنجاب اسمبلی کا چالیسواں اجلاس اس وقت ختم کر دیا تھا جب آٹھ گھنٹے گزرنے کے باوجود سپیکر پنجاب اسمبلی نے اجلاس شروع نہیں کیا ، گورنر نے اجلاس ختم کرتے ہوئے بجٹ کا نیا اجلاس آج دوپہر دو بجے ایوان اقبال میں طلب کر لیا ہے۔ اس حوالے سے ایوان اقبال میں بجٹ اجلاس کی تیاریاں کی جا رہی ہیں اور سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ دوسری جانب اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الہٰی نے اپوزیشن لیڈر سبطین خان سے رابطہ کیا ہے جس کے دوران آج کے اجلاس کے حوالے سے مشاورت کی ہے ۔پرویز الہٰی نے اپوزیشن ارکان کو 1 بجے پنجاب اسمبلی پہنچنے کی ہدایت کی ہے۔ اجلاس سے قبل پرویز الہٰی اپوزیشن ارکان سے اگلی حکمتِ عملی طے کریں گے۔