اسپیکر پنجاب اسمبلی کے اختیارات محدود کرنے کا فیصلہ

محکمہ قانون پنجاب نے اسپیکر کے اختیارات محدود کرنے کا فیصلہ کرلیا ۔ پنجاب اسمبلی کی آزادانہ حیثیت ختم، وزارت قانون کے ماتحت کرنے کا نوٹیفیکیشن جاری کردیا گیا ۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کے صوبہ پنجاب میں نئے مالی سال کا بجٹ پیش کرنے کے لیے دو اجلاس طلب کیے گئے ہیں۔ دو دن پنجاب اسمبلی میں بجٹ پیش نہ ہو سکا تو حکومت نے اسپیکر اور سیکرٹری اسمبلی کے اختیارات محدود کردیے۔ پنجاب حکومت نے بدھ کو ایک آرڈیننس کے ذریعے پنجاب اسمبلی کا اجلاس بلانے کے قواعد و ضوابط میں تبدیلی کر دی ہے۔ صوبائی کابینہ کی منظوری کے بعد وزارت قانون پنجاب نے پنجاب اسمبلی کا سٹیٹس تبدیل کرنے کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا ہے نوٹیفیکیشن کے مطابق پنجاب اسمبلی کا آزادانہ سٹیٹس ختم کر دیا گیا ہے ، اسمبلی وزارت قانون کے ایک انسٹی ٹیویٹ کی حیثیت سے کام کرے گی۔ جبکہ سیکرٹری پنجاب اسمبلی کو وزارت قانون کے ماتحت کر دیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ پنجاب اسمبلی میں بجٹ پیش کرنے کے معاملے پر بحران جاری ہے، دو روز ہو گئے، اسپیکر پرویز الٰہی اور اپوزیشن ارکان اپنے مطالبے پر قائم اور حکومت اپنے مؤقف پر ڈٹی ہوئی ہے۔ بجٹ کے حوالے سے ایک اجلاس گورنر پنجاب نے ایوان اقبال میں جبکہ دوسرا اجلاس سپیکر پرویز الہی نے پنجاب اسمبلی میں طلب کر رکھا ہے ۔