اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ ڈرون حملوں میں پاکستانی حکومت کی رضامندی شامل نہیں، حملے پاکستان کی خود مختاری کی سنگین خلاف ورزی ہیں اور معصوم لوگ مارے جارہے ہیں۔
ڈرون حملوں کی تحقیقات اور ہلاکتوں کے حوالے سے اقوام متحدہ کے وفد نے بین ایمرسن کی سربراہی میں پاکستان کا دورہ کیا،اقوام متحدہ کے نمائندے بین ایمرسن کا کہنا ہے کہ وزیرستان میں لوگ اپنے روزمرہ کے کاموں میں مشغول ہوتے ہیں کہ اس دوران اچانک حملہ ہوتا ہے اور وہ اس میں مارے جاتے ہیں، انہوں نے کہا کہ ڈرون حملے پاکستان کی خودمختاری کی خلاف ورزی ہیں، بین ایمرسن کا کہنا ہے کہ پاکستانی ریکارڈ سے انہیں اس بات کا پتہ چلا ہے کہ ڈرون حملوں کو پاکستانی حکومت کی حمایت حاصل نہیں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی حکام کے مطابق دوہزار دس کے وسط سے اب تک ڈرون حملوں کیخلاف امریکی سفیر سے مسلسل احتجاج کیا گیا اور حملوں کو فوری بند کرنے کا مطالبہ بھی کیا جارہا ہے۔