برطانیہ میں روس کے سابق ایجنٹ اوراس کی بیٹی پرکیمیائی گیس حملے کے بعد برطانیہ اورروس کے درمیان سفارتی تعلقات کشیدہ ہوگئے
برطانیہ میں روسی سابق ڈبل ایجنٹ سرگئی اسکریپل اوراس کی بیٹی پرکیمیائی گیس حملے کے بعد برطانیہ اورروس کے سفارتی تعلقات کشیدہ صورت حال اختیارکرگئے ہیں۔برطانوی وزیراعظم ٹریزامے نے تیئس روسی سفارت کاروں کوایک ہفتے میں ملک بدرکرنے کا حکم دے دیا۔برطانوی میڈٰیا کے مطابق گزشتہ تیس سالوں میں یہ روسی سفارت کاروں کی سب سے بڑی ملک بدری ہےقومی سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس کے بعد برطانوی وزیراعظم ٹریزامے نے روس کے ساتھ اعلیٰ سطح کے تعلقات منقطع کرنے کا بھی اعلان کیا۔انھوں نے کہا کہ جن روسی سفیروں کوملک چھوڑنے کا حکم دیا گیا ہے وہ جاسوسی میں ملوث تھے۔ان کی شناخت غیرتصدیق شدہ انٹیلی جنس افسران کے طورپرہوئی ہے۔برطانوی وزیراعظم نے اعلان کیا کہ روس سے آنے والی نجی پروازوں ،کسٹمزاورمال برداربحری جہازوں کی چیکنگ مزید سخت کی جائے گی جبکہ برطانوی وزراء،ملکہ اورشاہی خاندان کے افراد روس میں ہونے والے فیفا ورلڈ کپ میں بھی شرکت نہیں کریں گے۔برطانیہ نے سابق روسی ایجنٹ پرگیس حملے پرروس سے وضاحت طلب کی تھی۔روس نے معاملے پربرطانیہ کوجواب دینے سے انکارکیا تھا