پاکستانی سیکریٹری خارجہ سے یورپی نمائندہ خصوصی کی ملاقات، افغان امن عمل پر گفتگو

تہمینہ جنجوعہ اور رولینڈکوبیا کی ملاقات میں حالیہ افغان مفاہمتی عمل کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، نمائندہ خصوصی نے پاکستانی کردار کو سراہا۔ اس موقع پر سیکریٹری خارجہ کا کہنا تھا پاکستان خطے میں امن واستحکام کے لیے پر عزم ہے، افغانستان میں امن پاکستان کے لیے ناگزیر ہے۔ یورپی یونین کے نمائندہ خصوصی نے افغان عمل کے لیے پاکستان کے کردار کی تعریف کی۔ رولینڈ کوبیا کا کہنا تھا حالیہ مذاکرات ایک تاریخی موقع ہے جس گنوانا نہیں چاہیے، یورپی یونین کے نمائندہ خصوصی برائے افغانستان دو روزہ دورہ پر پاکستان میں ہیں۔ یاد رہے کہ حالیہ امریکا طالبان مذاکرات دوحہ قطر میں 25 فروری کو شروع ہوئے، جس کے لیے پاکستان نے اپنا کلیدی کردار ادا کیا۔ دو دن قبل افغان میڈیا نے دعویٰ کیا تھا کہ فریقین میں کچھ معاملات پر اتفاق ہو گیا ہے اور چند معاملات پر ابھی بھی رکاوٹ موجود ہے۔