عمران خان کی مراعات سمیت تنخواہ 1لاکھ 97ہزار ،وزیر اعلیٰ پنجاب کی سوا4لاکھ

وزیر اعظم کو اس وقت مراعات سمیت ٹیکس کٹوتی کے بعد تقریباً 1 لاکھ 97 ہزار روپے تنخواہ مل رہی ہے جبکہ نئے بل کے نوٹیفکیشن کی صورت میں وزیر اعلیٰ پنجاب کی تنخواہ مراعات سمیت سوا 4 لاکھ ہو جائیگی۔عمران خان کا بطور وزیراعظم کوئی کیمپ آفس ہے اور نہ ہی ذاتی رہائش گاہ پرسرکاری اخراجات ہو رہے ہیں،زمان پارک ہویا بنی گالہ ، سکیورٹی خا ردار تار کے اخراجات بھی وزیر اعظم نے خود برداشت کئے ،انہوں نے 42 لاکھ روپے کی لاگت سے بنی گالہ کی سکیورٹی پروٹوکول کیلئے خاردار تار خود لگوائے ۔اسی طرح وزیراعظم ہاؤس کے 200 ملازمین کم کئے جبکہ دیگر ا خراجات بھی محدودکردئیے ۔ وزیراعظم عمران خان کی بنیادی تنخواہ 107280 روپے ہے ۔ انہیں مہماندار ی الاؤنس 50 ہزار روپے ،3 ایڈہاک الاؤنسز کی مد میں بالترتیب 21456 روپے ،12110 روپے اور10728 روپے ملتے ہیں ۔ وزیراعظم کی تنخواہ پر 4595 روپے ٹیکس کٹوتی کی جاتی ہے ، سیلری سلپ کے مطابق وزیراعظم کو کٹوتی کے بعد 196979 روپے تنخواہ ملتی ہے ۔ وزیراعظم کے مقابلے میں وفاقی وزرا کی تنخواہ ا ڑھائی لاکھ روپے کے قر یب ہے ۔ وزیر اعظم کے مقابلے پنجاب کے وزیراعلیٰ کی مہمانداری الاؤنس سمیت تنخواہ سوا چار لاکھ روپے جبکہ پنجاب کے ایک رکن اسمبلی کی تنخواہ تقریباً دولاکھ ہو گی۔