پیارے پاکستانیوں کی محبت قابل قدر، کھیل سیاست سے مبرا ہوتے ہیں: فوجی ترجمان

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) سوشل میڈیا پر پی ایس ایل دیکھنے کیلئے فوجی کیپس پہن کر سٹیڈیم جانے کی مہم پر ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ پیارے پاکستانیو! پی ایس ایل فائنل میں فوجی سٹائل کی کیپس‘ شرٹس دیکھنا چاہتے ہو۔ پاک فوج آپ کی محبت اور حمایت کی قدر کرتی ہے۔ کھیل سیاست سے بالاتر ہے۔ روشنیوں کے شہر میں کھیل سے لطف اندوز ہوں۔ ہمیں یقین ہے آپ کا اور ہمارا تعلق ان چیزوں سے بلند ہے۔ اب سوشل میڈیا پر اس حوالے سے باقاعدہ مہم بھی شروع ہو گئی کہ پی ایس ایل کا فائنل فوجی کیپس پہن کر کھیلا جائے اور بھارت کو منہ توڑ جواب دیا جائے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل غفور نے سوشل میڈیا پر اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ پیارے پاکستانی پی ایس ایل فائنل میں فوجی کیپس اور شرٹس دیکھنا چاہتے ہیں‘ پاک فوج پاکستانیوں کی محبت اور حمایت کی قدر کرتی ہے لیکن کھیل سیاست سے مبرا ہوتے ہیں۔ میجر جنرل آصف غفور نے مزید کہا کہ ہمارا اتحاد ایسے جذبہ خیرسگالی سے بھی بڑھ کر ہے‘ روشنیوں کے شہر میں کھیل سے لطف اندوز ہوں۔