ماڈل ویلفیئر ویلجز کی تعمیر کیلئے کنسورشیم قائم کر دیا گیا،اسد قیصر

قومی اسمبلی کے سپیکر اسد قیصر نے کہاہے کہ پاکستان کے غریب اور مستحق افراد کو صحت ، تعلیم اور تفریح کی جدید ترین سہولیات کی فراہم کرنے کیلئے تمام صوبوں میں ماڈل ویلفیئر ویلج قائم کرے گی انہوں نے ان خیالات کااظہار بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی چیئرپرسن ڈاکٹر ثانیہ نشتر سے آج اسلام آباد میں گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔سپیکر نے کہاکہ ان ویلیجز کی تعمیر کیلئے ایک کنسورشیم قائم کردیاگیا ہے جس میں پچاس سے زائد فلاحی ادارے شامل ہیں اور اس مقصد کیلئے ایک خصوصی ٹاسک فورس بھی قائم کردی گئی ہے ۔اسد قیصر نے ملک کے مختلف حصوں میں مستحق افراد کیلئے شیلٹر ہومز کے قیام کے حکومت کے اقدام کو سراہا ۔بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی چیئرپرسن ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے ماڈل ویلفیئر ویلیجز کے قیام کیلئے مکمل حمایت اور تعاون کا یقین دلایا ۔انہوں نے سپیکر کو بتایاکہ وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر وہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے منصوبوں پر کام کے ساتھ خصوصی افراد کیلئے بھی کام کررہی ہیں۔انہوں نے سپیکر کو بتایا کہ پروگرام مستحق افراد کے حوالے سے نئے سروے بھی کرارہا ہے جن میں کوئی سیاسی اثرورسوخ نہیں ہوگا اور بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کارڈز کے اجراء سے قبل مستحق افراد کو مناسب سیکورٹی فراہم کی جائے گی ۔