کوروناوائرس،وزیراعظم آزاد کشمیر کی بیرون ملک سےآنیوالوں کی کڑی نگرانی کی ہدایت
آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم راجہ فاروق حیدر خان نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہےکہ وہ کوروناوائرس پھیلنے کے حوالے سے یورپ اور دوسرے ملکوں سے ریاست میں آنے والوں کی مناسب طریقے سے نگرانی کریں۔ انہوں نے اسلام آباد میں ریاستی رابطہ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ اب تک آزاد کشمیر میں کورونا کا کوئی مریض سامنے نہیں آیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیاگیاکہ حفاظتی اقدام کے طور پر آزاد کشمیر میں عوامی اجتماعات پر پابندی ہوگی۔ چیف سیکرٹری مظہر نیاز رانا نے اجلاس کو بتایا کہ کورونا وائرس کے چھ مشتبہ کیس پائے گئے ہیں جن میں سے چار کو کلیئر قراردیا گیا ہے جبکہ دو کو قرنطینہ میں رکھا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران سے آنے والے زائرین کو میرپور میں چودہ روز تک قرنطینہ میں رکھا جائے گا۔