پی ڈی ایم کا اہم سربراہی اجلاس منگل کو ہوگا
پی ڈی ایم کا اہم سربراہی اجلاس منگل کو ہوگا ۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کیلئے پی ڈی ایم کے سابق امیدوار مولانا عبدالغفورحیدری کو اپوزیشن کے 8 ووٹ نہ ملنے کے معاملے کا جائزہ لیا جائے گا جے یو آئی نے اتحاد میں جواب طلب کرنے کا فیصلہ کیا ہے ، ابتدائی طور پر مولانا فضل الرحمن نے محمد نواز شریف اور آصف علی زرداری کو ٹیلی فونک رابطے میں تشویش سے آگاہ کردیا ہے پی ڈی ایم کا سربراہی اجلاس اسلام آباد میں ہوگا۔ اس معاملے پر دوٹوک واضح طورپر بات کی جائے گی، مطمئن نہ کیے جانے اور تسلی بخش جواب نہ ملنے پر جے یو آئی کوئی اہم فیصلہ کرسکتی ہے۔ پی ڈی ایم کی اہم جماعت جے یو آئی میں ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے امیدوار مولانا عبدالغفور حیدری کو اپوزیشن کے 8ووٹ نہ ملنے پر شدید بے چینی اور اضطراب پایا جاتا ہے۔ جے یو آئی ان ارکان کی نشاندہی کیلئے موثر تحقیقات اور سخت کارروائی کا موقف اختیار کیے ہوئے ہے۔ پی ڈی ایم کے قائدین سے ابتدائی طورپر اس بارے میں بات کی گئی ۔ مولانا فضل الرحمن نے بھی بڑی جماعتوں کے سربراہان کو پارٹی کی تشویش سے آگاہ کیا ہے۔ یاد رہے کہ گذشتہ روز ہنگامی بنیادوں پر مولانا فضل الرحمن نے محمد نواز شریف اور آصف علی زرداری سے ٹیلی فون پر رابطے کیے تھے۔ صورتحال پر انتہائی افسوس اور تشویش کا اظہار کیا۔ جے یو آئی متعلقہ ارکان سے متعلق ان جماعتوں کے دوٹوک واضح موقف کا مطالبہ کررہی ہے۔ پی ڈی ایم میں ان ارکان کی نشاندہی اورمولانا عبدالغفور حیدری کو ووٹ نہ دینے کا معاملہ اٹھایا جائے گا۔ اس حوالے سے جے یو آئی میں اعلیٰ سطح پر مشاورت ہوئی ہے۔ پی ڈی ایم کو پارٹی کے موقف سے آگاہ کیا جائے گا۔یادرہے کہ سینیٹ میں میں اپوزیشن ارکان کی تعداد 53 ہے ،جماعت اسلامی چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین کے انتخاب میں غیر جانبدار رہی۔ 52ارکان اپوزیشن سے تعلق رکھتے تھے ۔ مولانا عبدالغفور حیدری کو44ووٹ ملے اور حکومتی امیدوار کو 54ووٹ ملے۔ جے یو آئی 8ووٹ نہ ملنے پر انتہائی ناراض ہے اور متعلقہ ارکان کی ہر صورت نشاندہی کا مطالبہ کررہی ہے۔ پی ڈی ایم کا سربراہی اجلاس مسلم لیگ ن کے سیکرٹریٹ میں ہوگا۔