وارنٹ معطلی کیس، ہائیکورٹ کا عمران خان کا بیان حلفی ٹرائل کورٹ میں پیش کرنے کا حکم

اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عمر فاروق نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا بیان حلفی ٹرائل کورٹ میں پیش کرنے کا حکم دے دیا، ٹرائل کورٹ بیان حلفی کو دیکھ کر قانون کے مطابق فیصلہ کرے۔ اس سے قبل اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق وزیر اعظم عمران خان کے توشہ خانہ کیس میں وارنٹ گرفتاری منسوخ کرنے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کیا تھا، چیئرمین تحریک انصاف کی جانب سے خواجہ حارث عدالت پیش ہوئے اور انہوں نے وارنٹ جاری ہونے کے بعد کی صورتحال سے آگاہ کیا۔ وکیل خواجہ حارث ایک کیس کی سماعت ختم ہونے پر اچانک روسٹرم پر آگئے اس پر چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ ابھی تو آپ کی درخواست فکس نہیں ہوئی، مقرر ہوئی تو دیکھوں گا، اس عدالت نے پہلے ریلیف دیا تھا مگر اس کا کیا ہوا؟ عدالتی احکامات پر عمل درآمد نہیں ہوا، دیکھیں گے اس کےکیا نتائج ہوسکتے ہیں۔