کوالیفائرمیچ: ملتان سلطانز کا قلندرز کو جیت کے لئے 161 رنز کا ہدف

لاہور: کیرون پولارڈ کی ذمے دارانہ اننگز کی بدولت ملتان سلطانز نے قلندرز کو جیت کے لئے 161 رنز کا ہدف دے دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے کوالیفائر میچ میں ملتان سلطانز نے دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ ملتان سلطانز نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 160 رنز بنائے، کیرون پولارڈ نے 34 گیندوں پر 57 رنز کی دلکش اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کے مجموعے کو قابل قدر بنایا۔ پولارڈ کی اننگز میں 6 بلند وبالا چھکے بھی شامل تھے، کپتان محمد رضوان 33، عثمان خان 29 بناکر نمایاں رہے۔ لاہور قلندرز کی جانب سے حارث رؤف نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، زمان خان اور راشد خان کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔ میچ کے آغاز پر گفتگو کرتے ہوئے کپتان ملتان سلطانز محمد رضوان کا کہنا تھا کہ کوشش کرینگے کہ اچھی کرکٹ کھیلیں اور بڑا اسکور بنائیں۔