اسلام آباد ہائیکورٹ نے نواز شریف کے بیان کیخلاف دائر درخواست کے قابل سماعت ہونے یا نہ ہونے پر فیصلہ محفوظ کرلیا
اسلام آباد ہائیکورٹ میں ممبئی حملوں کے حوالے سے نواز شریف کا بیان کیخلاف دائر درخواست پر جسٹس عامر فاروق نے سماعت کی۔ درخواست میں نواز شریف، ڈی جی ایف آی اے،چیئرمین پیمرا اور چیئرمین پی ٹی اے کو فریق بنایا گیا۔ درخواست گزار کی جانب سے ڈاکٹر بابر اعوان پیش ہوئے۔ انہوں نے موقف اختیار کیا کہ نواز شریف نے اپنے حلف سے غداری کی۔ یہ آئین شکنی کا بھی معاملہ ہے۔ ریاست کے خلاف بیان پر نوازشریف کے خلاف کارروائی کے لیے ایف آئی اے کو حکم دیا جائے۔ پیمرا کو نواز شریف کی تقاریر نشر کرنے پر پابندی لگانے کا حکم دیا جائے۔ عدالت نے استفسار کیا کہ کیا چینلز نواز شریف کی لائیو تقاریر پر پابندی لگا سکتی ہے۔ بابر اعوان نے آگاہ کیا کہ قائد ایم کیوایم پرعدالت ایسی پابندی لگا چکی ہے۔ جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیئے کہ پیمرا کے قانون کا جائزہ لے کر حکم جاری کروں گا۔ عدالت نے درخواست کے قابل سماعت ہونے یا نہ پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔