افغان مسئلے کو پر امن طریقے سے حل کرنے کی ہر ممکن کوشش کی:ناصر خان جنجوعہ
مشیر قومی سلامتی امور ناصر خان جنجوعہ نے پاک افغان مزاکرات کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں کہا کہ پاکستان اور افغانستان ایک دوسرے کے دکھ و غم کے شراکت دار ہیں۔ پاکستان اور افغانستان کے حوالے سے ہماری کہانی زخموں اور تکلیف کی ہے۔ سویت یونین کے آمد کے بعد پاکستان ہی افغانستان کے ساتھ کھڑا ہوا۔ انیس سو اناسی سے آب تک افغانستان میں بچوں نے صرف جنگ دیکھی ہے۔ افغانستان اب دنیا کا زخم بن چکا ہے۔ پاکستان افغان جنگ کا سب سے متاثرہ ملک ہے۔
انکا کہنا تھا کہ افغانستان جنگجوؤں کی سرزمین ہے جس پر ہمیں فخر ہے۔ سویت یونین کی شکست کے بعد سب نے افغانستان کو ایک غیر یقینی صورتحال میں چھوڑ دیا۔ افغانستان میں پیدا ہونے والے خلا نے وہاں دہشت گردی کے عفریت کو جنم دیا۔
پاکستان نے افغان مسئلے کو پرامن طریقے سے حل کرنے کی ہر ممکن کوشش کی۔ افغان جنگ میں پاکستان اور افغانستان دونوں متاثر ہوے۔ کوشش کر رہے ہیں کہ طالبان امن عمل کا حصہ بنیں۔ ہر مرتبہ طالبان کو اس امن عمل سے باہر رکھا گیا۔ مشیر قومی سلامتی امور کا کہنا تھا کہ غیر ملکی افواج نے افغانستان میں صورتحال کو مزید خراب کیا ۔