لاہورہائیکورٹ نے سابق وزیر اعظم کے خلاف غداری کے مقدمہ کے اندراج کیلئے مزید دلائل طلب کر لئے۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شمس محمود مرزا نے کیس کی سماعت کی،عوامی تحریک کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ سابق وزیر اعظم کے بیان سے ملکی سالمیت پر سوالیہ نشان آیا۔ پاکستان اور قومی اداروں کو بدنام کیا گیا،ملکی سالمیت سے متعلقہ خفیہ راز بیان کرنا واضح طور پرغداری ہے۔ ماورائے آئین اقدام کرنے پر نوازشریف کے خلاف غداری کا مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا جائے۔ انہوں نے عدالت کو آگاہ کیا کہ اس حوالے سے وزارت داخلہ سے رجوع کیا گیا مگر ان کی درخواست پر کارروائی نہیں کی گئی،عدالت نےریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ بادی النظر میں حکومت بیانات کی تردید کر رہی ہے ،عدالت نے استفسار کیا کہ بتایا جائے کہ آفیشل سیکریٹ ایکٹ کے تحت کیا ایسے بیانات غداری کے زمرے میں آتے ہیں،عدالت نے مزید سماعت سولہ مئی تک ملتوی کرتے ہوئے مزید دلائل طلب کر لئے۔