تحریک پارلیمنٹ میں نہیں بلکہ سڑکوں پر چلائیں گے۔ آصف زرداری
پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری نے حکومت مخالف تحریک چلانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ تحریک پارلیمنٹ میں نہیں بلکہ سڑکوں پر چلائیں گے۔ نیب اور معیشت ایک ساتھ نہیں چل سکتے۔ ماضی کی اور موجودہ ایمنسٹی اسکیم میں کوئی فرق نہیں۔ جس کے پاس تھوڑے بہت پیسے ہیں وہ بلیک منی کو وائٹ کر لے گا۔اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ نیب اور معیشت ساتھ نہیں چل سکتے۔ ان کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو زرداری شہید بی بی کا بیٹا ہے اس کو بھی انگاروں پر چلنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضمانت کروانا میرا قانونی حق ہے ، تحریک چلانے کے ڈر کی وجہ سے ہی اتنے مقدمات بن رہے ہیں اور ان کو بھی اندازہ ہے اس لئے وہ اتنے کیس کر رہے ہیں ۔ ا نہوں نے کہا کہ تحریک پارلیمنٹ کے اندر نہیں بلکہ سڑکوں پر چلے گی۔