لاک ڈاؤن سے کہیں زیادہ خطرہ بھوک و افلاس سے ہے، وزیراعظم
وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ہمیں جس قدر خطرہ لاک ڈاؤن سے ہے اس سے کہیں زیادہ بھوک و افلاس سے ہے۔ پولیس عوام پر سختی کے بجائے دوستانہ رویہ اختیار کرے۔ وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت اسلام آباد میں کورونا وائرس کی صورتحال سے متعلق اجلاس ہوا۔ اجلاس میں صحت کی سہولیات، اسپتالوں کی استعداد میں اضافے سے متعلق اقدامات، طبی آلات کی فراہمی اور پیشہ ور عملے کی موجودگی یقینی بنانے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے ملک بھر میں متاثرین کے اعدادوشمار، مصدقہ کیسز، جغرافیائی پھیلاؤ اور ٹیسٹنگ کی تعداد سمیت کورونا کیسز میں اضافے سے متعلق بریفنگ دی۔ اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں بھوک اور وباء کی روک تھام کیلئے حفاظتی اقدامات میں توازن برقرار رکھنا ہے۔ ہمیں جس قدر خطرہ لاک ڈاؤن سے ہے اس سے کہیں زیادہ بھوک و افلاس سے ہے