چلڈرن اسپتال کے ڈاکٹر سمیت عملے کے 4 افراد کرونا سے متاثر
لاہور: چلڈرن اسپتال میں ڈاکٹر سمیت عملے کے 4 افراد کرونا وائرس سے متاثر ہو گئے، کو وِڈ نائنٹین کے لیے لیے گئے سیمپلز کا نتیجہ 10 دن کی تاخیر کے بعد آیا۔ تفصیلات کے مطابق لاہور کے چلڈن اسپتال میں ایک ڈاکٹر سمیت عملے کے چار افراد کرونا وائرس سے متاثر ہو گئے، اسپتال انتظامیہ کا کہنا تھا کہ چلڈرن اسپتال سے 10 روز پہلے 52 افراد کے سیمپل لیے گئے، جس کا رزلٹ نہایت تاخیر سے دیا گیا۔ وائرس سے متاثر ہونے والے ڈاکٹر عمیر کا مؤقف تھا کہ انھیں دس روز بعد بتایا گیا کہ وہ کرونا وائرس سے متاثر ہیں۔ ڈاکٹر عمیر کا کہنا تھا کہ ان 10 دنوں میں اپنے گھر والوں اور اسپتال کے لوگوں سے ملا ہوں۔ تشویش ناک امر یہ ہے کہ کرونا وائرس کے شکار ڈاکٹر عمیر کے ہاں 5 روز قبل ایک بیٹی کی پیدایش بھی ہوئی ہے، ڈاکٹر کا کہنا تھا کہ وہ اپنی نوزائیدہ بیٹی سے بھی ملے ہیں۔ 10 دن بعد رپورٹ ملنے پر اسپتال عملے میں بھی تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔ دوسری طرف محکمہ صحت پنجاب نے اپنے بیان میں کہا ہےکہ کرونا وائرس سے متاثر ڈاکٹرز اور عملے کو آئسولیٹ کر دیا گیا ہے۔