روس کا شمالی کوریا کو انسانی ہمدردی کے تحت 25 ہزار ٹن گندم کا تحفہ

روس نے انسانی ہمدردی کے تحت شمالی کوریا کو 25 ہزار ٹن گندم بھیجی ہے۔ جمعہ کو برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق اس بات کا انکشاف شمالی کوریا کے دارالحکومت پیانگ یانگ میں قائم روسی سفارتخانے نے ایک بیان میں کیا ہے۔ روسی سفارتخانے نے کہا ہے کہ روس سے شمالی کوریا گندم لے کر پہنچنے والے بحری جہاز کے عملے کو قرنطینہ میں رکھا گیا ہے جبکہ بحری جہاز سے سامان کو بندرگاہ کے غیر آباد حصے میں اتار کر رکھا گیا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ہمیں دور سے شمالی کوریا کے بحری جہاز کے قلیوں اور ریل کے مزدوروں کے شاندار کام کو دیکھنے کا موقع ملا، ہم دیکھ سکتے تھے کہ وہ بحری جہاز سے گندم اتارتے وقت کوشش کر رہے تھے کہ اناج کا ایک دانہ بھی ضائع نہ ہو۔ اس سال اپریل میں اقوام متحدہ نے ایک رپورٹ میں کہا تھا کہ شمالی کوریا میں تقریباً ایک کروڑ شہریوں کو خوارک کی قلت کا سامنا ہے۔ یہ واضح نہیں ہے کہ شمالی کوریا میں خوراک کی ترسیل کورونا وائرس کے پھیلنے سے متاثر ہوئی ہے یا نہیں تاہم شمالی کوریا کا اب بھی کہنا ہے کہ ملک میں کورونا وائرس کے کوئی متاثرین نہیں ہیں۔