پاکستان سمیت جنوبی ایشیائی ممالک کو 218ارب ڈالرنقصان کا خدشہ
کرونا وائرس کے باعث پاکستان سمیت جنوبی ایشیائی ممالک کو 142 سے 218 ارب ڈالر نقصان کا خدشہ ہے جبکہ جنوبی ایشیا کو تجارت کی مد میں 100 سے 147 ارب ڈالر نقصان ہوسکتا ہے۔
ایشیائی ترقیاتی بینک نے عالمی معیشت کو کرونا وائرس سے ممکنہ نقصانات پر تازہ رپورٹ جاری کی ہے۔
اے ڈی بی کی رپورٹ کے مطابق عالمی سطح پر 24 کروڑ 21 لاکھ افراد اور جنوبی ایشیا میں 3 سے ساڑھے 4 کروڑ افراد کا روزگار چھن جانے کا خدشہ ہے۔
کرونا سے عالمی معیشت کو 6 ماہ میں 8800 ارب ڈالر نقصانات کا خدشہ ہے جبکہ 3 ماہ میں معاشی نقصانات کا تخمینہ 5800 ارب ڈالر لگایا گیا ہے۔ اے ڈی بی نے اپریل میں عالمی نقصان کا تخمینہ 4100 ارب ڈالر لگایا تھا۔
رپورٹ کے مطابق کرونا سے سیاحت، تجارت، پیداوار، لیبر، سرمایہ کاری اور ٹرانسپورٹ زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔
برطانیہ اور یورپی یونین کو سب سے زیادہ 2610 ارب ڈالر نقصان کا تخمینہ ہے، امریکی معیشت کو 2226 ارب ڈالر اور چین کی معیشت کو 1623 ارب ڈالر تک نقصان ہو سکتا ہے۔
جاپان کو 324 سے 491 ارب ڈالر معاشی نقصان کا خدشہ ہے۔ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کی معیشت کو 91 سے 139 ارب ڈالر نقصان کا امکان ہے۔
کورونا کیخلاف پالیسی اقدامات سے نقصانات میں 40 فیصد کمی لانا ممکن ہے۔ عالمی جی ڈی پی 9.7 فیصد اور جنوبی ایشیا کی 6 فیصد متاثر ہونے کا امکان ہے۔