پی ایف ایف نارملائزیشن کمیٹی کے مینڈیٹ میں 31 دسمبر 2020 تک توسیع کردی گئی
لاہور( سپورٹس رپورٹر ) پی ایف ایف نارملائزیشن کمیٹی کے مینڈیٹ میں 31 دسمبر 2020 تک توسیع کردی گئی ہے۔ فیفا نے پی ایف ایف نارملائزیشن کمیٹی کو لکھے گئے خط میں بتایا ہے کہ بیورو آف فیفا کونسل نے 14 مئی 2020 کو مینڈیٹ میں توسیع کا فیصلہ کیا تھا۔ اس خط میں کہا گیا ہے کہ بیورو نے پی ایف ایف نارملائزیشن کمیٹی کی متعدد پہلوؤں میں نمایاں پیشرفت دیکھی ہے اور یہ کہ اب پی ایف ایف کے پاس ایک عملی انتظامیہ موجود ہے جو فٹ بال کی سرگرمیوں کو چلانے کی قابلیت رکھتی ہے۔اس میں مزید کہا گیا کہ COVID-19 نے نارملائزیشن کمیٹی کی پیشرفت میں خلل ڈالا ہے اور اس لئے یہ توقع نہیں کی جاسکتی تھی کہ پی ایف ایف کے انتخابات اس سے پہلے کے مینڈیٹ یعنی 15 جون 2020 تک مکمل کرا دیے جایٌنگے۔ بیورو نے دسمبر 2020 کے اختتام تک پی ایف ایف کانگریس کے انعقاد کی پیش گوئی کی ہے پی ایف ایف نارملائزیشن کمیٹی کے چیرمین حمزہ خان نے کمیٹی کے دیگر ممبروں کی نمانٌدگی کرتے ہوے کہا کہ فیفا کا یہ عمل قابلِ تعریف ہے کہ اس نے ہماری درخواست کو مدنظر رکھتے ہوئے مینڈیٹ میں توسیع کی ہے۔ ہم پی ایف ایف این سی میں اعتماد رکھنے کے لیے فیفا اور اے ایف سی کا بھی شکریہ ادا کرتے ہیں اور کوشش کریں گے کہ انتخابات کو بروقت انجام دیں۔