حج درخواست گزاروں میں سے کامیاب امیدواروں کے ناموں کا اعلان آج ہو گا: وفاقی وزیرمولانا اسعد محمود
اسلام آباد: وفاقی وزیر مواصلات مولانا اسعد محمود نے کہا ہے کہ حج درخواست گزاروں میں 32 ہزار کامیاب امیدواروں کے ناموں کا اعلان آج کیا جائے گا، کامیابی کے بعد رہ جانے والے افراد کی تفصیلات بھی آج ہی دی جائیں گی جب کہ غیر منتخب افراد اپنی رقوم بینکوں سے واپس لے سکیں گے۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومتی کوٹے پر 31253 افراد حج کی سعادت حاصل کریں گے جب کہ کل 63 ہزار 604 درخواستیں موصول ہوئی تھیں۔وفاقی وزیر برائے مواصلات نے کہا کہ ہمیں 86 ہزار عازمین حج کوٹہ ملا تھا، 40 فیصد کے مطابق 32 ہزار افراد کی بیلٹنگ کی جارہی ہے، کامیاب امیدواروں کو بذریعہ ایس ایم ایس آگاہ کیا جائے گا۔