نائب وزیراعظم تقرری کیس:ڈپٹی اٹارنی جنرل کو وفاق سے ہدایات لے کر پیش ہونے کی ہدایت
لاہور ہائی کورٹ نے سینیٹر اسحاق ڈار کو نائب وزیراعظم مقرر کرنے کے خلاف درخواست کی سماعت کرتے ہوئے ڈپٹی اٹارنی جنرل کو وفاقی حکومت سے ہدایات لے کر پیش ہونے کی ہدایت کردی۔بدھ کو جسٹس شاہد بلال حسن نے شہری اشبا کامران کی جانب سے گزشتہ روز دائر کی گئی درخواست پر سماعت کی۔درخواست گزار نے موقف اپنایا کہ آئین میں ڈپٹی وزیر اعظم کا کوئی عہدہ نہیں، اسحاق ڈار کی بطور ڈپٹی وزیر اعظم تقرری قانونی طور پر درست نہیں ۔انہوںنے کہا کہ 28 اپریل کو غیر قانونی نوٹیفکیشن کے ذریعے اسحاق ڈار کو ڈپٹی وزیر اعظم بنا دیا گیا چنانچہ عدالت ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا حکم دے۔درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالت اسحاق ڈار کی بطور ڈپٹی وزیراعظم تقرری کالعدم قرار دے۔بعد ازاں لاہور ہائی کورٹ نے ڈپٹی اٹارنی جنرل کو وفاقی حکومت سے ہدایات لے کر پیش ہونے کی ہدایت کر دی۔واضح رہے کہ 2 مئی کو سندھ ہائی کورٹ میں بھی سینیٹر اسحاق ڈار ڈار کی بطور نائب وزیراعظم تعیناتی کا نوٹیفکیشن چیلنج کردیا گیا تھا۔