بلوچستان میں پندرہ افراد کو بیدردی سے گولیاں مار کر قتل کر دیا گیا
بلوچستان کے ضلع تربت سے تیس کلومیٹر دور بلیدہ کے پہاڑی علاقے سے پندرہ لاشیں ملی ہیں۔ اسسٹنٹ کمشنر تربت نے لاشیں ملنے کی تصدیق کردی جبکہ لیویز ذرائع کا کہنا ہے کہ تمام افراد کو گولیاں مار کر قتل کیا گیا جن کی لاشیں سول اسپتال تربت منتقل کی گئیں۔ اسسٹنٹ کمشنر تربت کے مطابق جاں بحق افراد ایران کے راستے خلیجی ممالک جا رہے تھے۔ بلیدہ سے نامعلوم افراد نے تمام افراد کو اغوا کر کے پہاڑوں میں لے جا کر گولیاں مار دیں۔ چارافراد کی عمریں بیس سے کم اور دو کی پینتیس سال کے قریب ہیں۔واقعہ کی اطلاع پر لیویز کی نفری نے علاقے میں پہنچ کر لاشوں کو تحویل میں لیا۔ لاشوں کو پوسٹمارٹم اور شناخت کے لیے ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ اسسٹنٹ کمشنر کا کہنا ہے جاں بحق افراد کے تعلق پنجاب کے اضلاع گجرات، گوجرانوالہ،سیالکوٹ اور منڈی بہاؤالدین سے تھا۔ قانونی کارروائی کے بعد لاشیں آبائی علاقوں کو بھجوا دی جائیں گی۔ ذرائع کے مطابق شناخت کی جانے والی لاشوں میں محمد حسین کا تعلق واہ کینٹ، اظہر وقاص، خرم شہزاد اور ذوالفقار کا تعلق منڈی بہاؤالدین، احسن رضا کا تعلق گوجرانوالہ، سیف اللہ کا تعلق گجرات اور غلام ربانی، محمد الیاس، عبدالغفور اور طیب کا تعلق سیالکوٹ سے ہے۔ اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ پانچ افراد کی لاشوں کی فی الحال شناخت نہیں ہوسکی ہے۔ دوسری جانب لیویز ذرائع کا کہنا ہے کہ جس راستے پر پنجاب سے تعلق رکھنے والے افراد کو قتل کیا گیا اس راستے کو غیرقانونی طور پر بیرون ممالک جانے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔