ایس پی طاہر داوڑ کے واقعہ کے ذمہ داران کو کیفرکردار تک پہنچائیں گے:شہریار آفریدی
وزیرمملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی نے کہا ہے کہ ایس پی طاہر داوڑ کے واقعہ کے ذمہ داران کو کیفرکردار تک پہنچائیں گے۔سینیٹ میں ایس پی طاہر داوڑ سے متعلق پالیسی بیان دیتے ہوئے وزیرمملکت داخلہ شہریار آفریدی نے کہا کہ طاہرداوڑ پاکستان کے وہ غیرت مند بیٹے تھے جن پردو دفعہ حملے ہوئے،ان کے بھائی اور بھابھی کو بھی شہید کیا گیا اور طاہرداوڑکو دھمکیاں بھی موصول ہوتی تھیں جبکہ طاہر داوڑ کا اہلخانہ کو آخری پیغام تھا کہ میں محفوظ ہوں، آپ پریشان مت ہوں اور پھر 28 اکتوبرکوطاہرداوڑ کے لاپتہ ہونے کی ایف آئی آردرج کی گئی۔ شہریار آفریدی نے کہا کہ ایس پی طاہر داوڑ کا قتل تکلیف دہ واقعہ ہے اور یہ واقعہ پولیس کیلئے ایک سوالیہ نشان ہے تاہم ریاست کا وعدہ ہے جو واقعے کے ذمہ دار ہیں انہیں کیفرکردارتک پہنچائیں گے اور نشانہ عبرت بنائیں گے جبکہ وزیراعظم نے بھی اس واقعے کی رپورٹ طلب کرلی ۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں لگنے والے سکیورٹی کیمرے غیرمعیاری اورناکارہ ہیں، ان کیمروں پر قوم کا پیسہ ضائع کیا گیا، ان کی تحقیقات ہونی چاہئیں۔واضح رہے اسلام آباد سے لاپتہ ہونے والے خیبرپختونخوا کے پولیس افسر طاہر خان داوڑ کی لاش افغانستان سے ملی تھی جب کہ افغان وزارت خارجہ نے بھی ایس پی طاہر خان کی لاش اور سروس کارڈ ملنے کی تصدیق کردی۔