وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا برداشت اوررواداری کے فروغ کے عالمی دن کے موقع پر پیغام
وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے کہا ہے کہ رواداری اور برداشت کے جذبات کا فروغ وقت کی ضرورت ہے کیونکہ معاشرے میں عدم برداشت کے رویوں کے باعث بگاڑ پیدا ہوتا ہے۔ رواداری اور تحمل و برداشت کے جذبات کو فروغ دے کر پرامن معاشرہ تشکیل دیاجاسکتا ہے۔وزیراعلیٰ نے برداشت اور رواداری کے فروغ کے عالمی دن کے موقع پراپنے پیغام میں کہا کہ دین اسلام امن و سلامتی اور عدل وانصاف کا دین ہے اور دین اسلام رواداری اور تحمل و برداشت کے رویوں کو فروغ دینے پر زوردیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ بین المسالک وبین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دیا جائے جس سے تحمل اور برداشت کے جذبات پروان چڑھیں گے کیونکہ تحمل و برداشت اور رواداری کے جذبات کے فروغ کی جتنی ضرورت آج ہے، پہلے کبھی نہ تھی۔انہوں نےمزید کہا کہ تعلیمی ادارے،جامعات اور دینی مدارس ،برداشت اورتحمل کے رجحان کو پروان چڑھانے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ انتہا پسند ی کے مکمل خاتمے کے لئے اعتدال اور میانہ روی کی تعلیمات کو فروغ دینا ہو گا اور یہ دن منانے کا بنیادی مقصد معاشرے میں برداشت، رواداری اورصبر و تحمل کی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے.