عوام کو فوری اور سستے انصاف کی فراہمی ہمارے آئین کا بنیادی مقصد ہے،گورنربلوچستان
گورنر بلوچستان امان اللہ خان یاسین زئی نے کہا ہے کہ عوام کو فوری اور سستے انصاف کی فراہمی ہمارے آئین کا بنیادی مقصد ہے۔ اس ضمن میں وکلاء براداری پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ اپنے حصے کابھر پور کردار ادا کریں ۔ بار ایسو سی ایشن کی فعالیت اور مؤثر کردار ہی غریب اور زیردست لوگوں کو انصاف تک رسائی دینے کی سمت میں اہم قدم ثابت ہوگا ۔ ان خیالات کاا ظہار انہوں نے گورنر ہاؤس کوئٹہ میں بلوچستان بار ایسو سی ایشن کے صدر شاہ محمد جتوئی کی قیادت میں وفد سے ملاقات کرتے ہوئے کیا ۔گورنر بلوچستان نے کہا کہ عدل و انصاف کے بغیر کوئی بھی معاشرہ قائم نہیں رہ سکتا ۔ معاشرے میں عدل و انصاف اور قانون کی حکمرانی کر کے ہی ہر قسم کے سماجی جرائم اور برائیوں سے پاک کیا جاسکتا ہے انہوں نے کہاکہ جس معاشرے میں انصاف کا نظام مؤثر ہو وہاں زندگی کے ہر شعبے پر مثبت اور تعمیری اثرات مرتب ہوںگے انہوں نے کہا کہ عدل و انصاف کی عدم موجودگی سے معاشرے میں مایوسی اور انتشار پھیلے گا ۔ گورنر نے کہا کہ معاشرے میں مثبت اور تعمیری تبدیلی کیلئے ہر ذی فہم شخص کوپوری ذمہ داری کے ساتھ اپنا اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔