لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں پہلے نمبر اور چین کا شہر شین یانگ دوسرے نمبر پر
لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں پہلے نمبر پر اور چین کا شہر شین یانگ دوسرے نمبر پر ، لاہور آج اوسط ائیر کوالٹی انڈیکس 443 ریکارڈ کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب کے دارلحکومت لاہور کا ایئر کوالٹی انڈیکس خطرناک حد تک بڑھ گیا ، جس کے باعث لاہور کو دنیا کا پہلا آلودہ ترین شہر قرار دے دیا گیا۔ ماحولیاتی آلودگی ماپنے کے عالمی ادارے کا کہنا ہے کہ لاہور کا آج اوسط ائیر کوالٹی انڈیکس 443ہے ، آج لاہور میں سب سے زیادہ ٹاون شپ متاثر ہے ، جسکا ائیر کوالٹی انڈیکس 524 ہے۔ اسی طرح ڈیفینس 520 کا ائیر کوالٹی انڈیکس جبکہ پنجاب یونیورسٹی کے اطراف کا 519 ہے۔ طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ لاہور کے شہری کورونا ایس او پیز کو فالو کریں ، فضائی آلودگی سےگلے،آنکھ ،سانس کی بیماریوں میں اضافہ ہوتا ہے۔ ایئر کوالٹی انڈیکس کے مطابق آلودگی کےلحاظ سے چین کا شہر شین یانگ دوسرے نمبر پر ہے جہاں فضا میں پرٹیکیولیٹ میٹرز کی تعداد 222ریکارڈ کی گئی جبکہ بھارتی شہر دہلی آلودگی کے لحاظ سے تیسرے نمبر پر ہے۔ دہلی کی آلودہ فضاء میں پرٹیکیولیٹ میٹرز کی تعداد 215 ریکارڈکی گئی ہے۔ واضح رہے کہ درجہ بندی کے مطابق 151 سے 200درجے تک آلودگی مضر صحت ہے، 201سے 300درجے تک آلودگی انتہائی مضر صحت ہے، 301 سے زائد درجہ خطرناک آلودگی کوظاہر کرتاہے۔