نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ سے آئی ایم ایف مشن چیف ناتھن پورٹر کی ملاقات
نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ سے آئی ایم ایف کے مشن چیف ناتھن پورٹر اور پاکستان کے لیے آئی ایم ایف کی ریذیڈنٹ نمائندہ مس ایستھر پیریز نے آج اسلا م آباد میں ملاقات کی اور انہیں اسٹینڈ بائے معاہدے (SBA) کے پہلے جائزہ کے تحت حکومتی ٹیم کے ساتھ تکنیکی سطح پر ہونے والے مذاکرات کی صورتحال سے آگاہ کیا۔ جناب ناتھن پورٹر نے پروگرام کے سہ ماہی اہداف کو پورا کرنے میں حکومت پاکستان کی کوششوں کا اعتراف کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان کوششوں کے نتیجے میں تکنیکی سطح پر بات چیت کا مثبت نتیجہ نکلا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ٹیموں نے SBA کے مختلف پہلوؤں پر وسیع تناظر میں بات چیت کی ہے۔ انہوں نے تکنیکی سطح کے مذاکرات میں وزیر خزانہ اور ان کی ٹیم اور گورنر اسٹیٹ بینک کے ساتھ ان کی ٹیم کے کردار کو سراہا۔ وزیراعظم نے پاکستان کے ساتھ جاری کام پر آئی ایم ایف کی ٹیم کا شکریہ ادا کیا اور وزیر خزانہ و محصولات کی قیادت اور پروگرام کو آگے بڑھانے میں ان کی ٹیم کے تعاون کی تعریف کی۔ انہوں نے گورنر اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے کردار کو بھی سراہا۔ وزیر اعظم نے آئی ایم ایف کے ساتھ متفقہ اصلاحاتی کوششوں کے لیے حکومت کے مستقل عزم کا اعادہ کیا جس کا مقصد طویل مدت میں پاکستان کی معیشت کو مستحکم کرنا ہے۔ ملاقات میں میں نگران وفاقی وزیر خزانہ و محصولات، گورنر اسٹیٹ بینک آف پاکستان، چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو اور اعلیٰ سرکاری حکام نے بھی شرکت کی۔