توانائی کے بحران پر قابو پانے کیلئے بجلی پیدا کرنے کے منصوبوں کو بروقت مکمل کرنے کی کوشش کررہے ہیں:خواجہ آصف
کوٹلی میں گل پور پن بجلی منصوبے کے سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب میں خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ منصوبے سے ایک سو دو میگا واٹ بجلی پیدا ہوگی جس سے لوڈشیڈنگ کے خاتمے میں مدد ملے گی۔ انکا کہنا تھا کہ اس منصوبے کے آغاز پر خوش ہوں۔ گل پورپن بجلی منصوبہ ماحول دوست ہے جس سے سستی بجلی میسر ہوگی۔ انہوں نے بتایا کہ سرکاری شعبے میں بجلی پیدا کرنے کے منصوبوں کی استعداد کار بڑھا رہے ہیں۔ ملک میں توانائی کےبحران پر قابو پانے کیلئےمنصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنارہے ہیں۔اس موقع پر آزاد کشمیر کے وزیراعظم چوہدری عبدالمجید کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نوازشریف آزاد کشمیر کی ترقی میں خصوصی دلچسپی رکھتے ہیں۔ اقوام متحدہ میں مسئلہ کشمیر کواجاگر کرنے پر وزیراعظم نوازشریف کے شکر گزار ہیں۔ انکا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر پر جرات مندانہ موقف اختیار کرنے پروزیراعظم نواز شریف کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔