خلیفہ دوئم، مراد رسول، امیرالمومنین حضرت عمر فاروقؓ کا یوم شہادت ملک بھر میں عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے
حضرت عمرِؓ مکہ معظمہ کے قبیلہ قریش کی شاخ عدی میں 583ء میں پیدا ہوئے۔ آپؓ کا سلسلہ نسب نویں پشت پر آں حضور اکرم ﷺسے جا ملتا ہے۔ حضرت عمر کا لقب فاروق اعظم اور کنیت ابو حفص تھی۔ حضور اکرم ﷺ کی دعا کے نتیجے میں حضرت عمرؓ نے اسلام قبول کیا اور مراد رسول کہلائے۔حضرت عمر فاروقؓ نے اعلانیہ مدینہ کو ہجرت فرمائی۔ آپؓ نے تمام غزوات میں حصہ لیا اور شجاعت و بہادری کے جوہر دکھائے۔ اللہ نے چھے بار آپ کی رائے کی تائید کی۔ آپؓ کی شان سے متعلق چالیس احادیث موجود ہیں۔ حضرت عمرؓ عشرہ مبشرہ میں شامل تھے۔حضرت ابوبکر صدیقؓ کی وفات کے بعد آپؓ خلیفہ منتخب ہوئے۔ حضرت عمر فاروقؓ نے بیک وقت دو سپرپاورز سے جہاد کیا اور اسلامی ریاست کی حدود 22لاکھ مربع میل تک پھیلا دیں۔حضرت عمر فاروق نے 10سال سے زائد عرصہ امور خلافت نمٹائے۔ آپ نے مدینہ کو ایک فلاحی ریاست میں تبدیل کیا۔ آپؓ کو 27ذوالحجہ 23ھجری کو ابولولو فیروز نامی مجوسی نے زہر آلود خنجر کے وار کر کے زخمی کر دیا۔ حضرت عمر فاروقؓ یکم محرم کو شہادت کے عظیم مرتبے پر فائز ہو گئے۔ آپؓ کو آں حضور ﷺ اور حضرت ابوبکر صدیقؓ کے پہلو میں سپرد خاک کیا گیا۔