خیبرپختونخوا کا 613 ارب روپے سے زائد کا بجٹ آج پیش کیا جائے گا
پشاور: خیبرپختونخوا کا بجٹ آج پیش کیا جا رہا ہے، جس کا حجم 613 ارب روپے سے زائد ہونے کا امکان ہے جبکہ سالانہ ترقیاتی پروگرام کے لیے 123 ارب روپے سے زیادہ مختص کیے جانے کی توقع ہے۔خیبرپختونخوا اسمبلی کا اجلاس آج سہ پہر ہوگا، جہاں صوبائی وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا مالی سال 19-2018 کا بجٹ پیش کریں گے۔صوبائی حکومت کے ترجمان شوکت یوسفزئی نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ خیبرپختونخوا کے بجٹ کا حجم 613 ارب روپے سے زائد ہوگا جبکہ سالانہ ترقیاتی پروگرام کے لیے 123 ارب روپے سے زائد مختص کیے گئے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ بجٹ میں جاری ترقیاتی اسکیموں کے لیے 70 جبکہ نئی اسکیموں کے لیے 30 فیصد رقم مختص کی جائے گی اور بس ریپڈ ٹرانزٹ (بی آر ٹی) اور سوات ایکسپریس وے سمیت دیگر منصوبوں کو جلد مکمل کیا جائے گا۔'